سرپنچ کے عہدہ کا27 لاکھ روپئے میں ہراج

   

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) ریاست میں پنچایت راج انتخابات کی تیاریوں کے دوران ہی ایک گاؤں میں سرپنچ کے عہدہ کیلئے ہراج ہوا جس میں 27 لاکھ روپئے میں ایک شخص نے یہ عہدہ اپنے حق میں کرلیا ہے۔ سرپنچ کے عہدہ پر بلا مقابلہ انتخاب کیلئے عام طور پر بعض گاؤں میں ہراج کے ذریعہ کسی ایک فرد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ہراج میں طئے شدہ رقم گاؤں کی ترقی پر خرچ کی جاتی ہے۔ ریاست میں پنچایت راج چناؤ کے نوٹیفکیشن سے قبل ہی بعض گاؤں میں متفقہ انتخاب کیلئے ہراج کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ گدوال ضلع کے مایاپاڈو منڈل کے گوکلا پاڈو گاؤں کے سرپنچ کے عہدہ کیلئے بھیما راجو نامی شخص نے 27 لاکھ 60 ہزار روپئے کی بولی لگاکر یہ عہدہ اپنے حق میں کرلیا۔ چار افراد نے اس عہدہ کیلئے دعویداری پیش کی تھی اور بھیما راجو کی بولی سب سے زیادہ رہی جس پر گاؤں والوں نے متفقہ طور پر بھیما راجو کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن کی اجرائی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ کمیشن نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد مذکورہ گاؤں میں سرپنچ کا انتخاب متفقہ طور پر ہوگا۔ گاؤں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے عوام نے نیا طریقہ ایجاد کیا ہے جس کے مطابق عہدہ کیلئے ہراج کیا جاتا ہے۔1