سرکاری اسکولس میں بائیومیٹرک حاضری نظام متعارف

   

کولکاتا : ہوڑہ ضلع کے ایک سرکاری اسکول میں طلبا کی حاضری کو لازمی بنانے کیلئے کارپوریٹ انداز میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ چہرے کی شناخت کے لیے حاضری کا نظام نصب کیا جا رہا ہے ۔ جب طلباء مشین کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں تو حاضری ریکارڈ ہوجائے گی ۔ یہی نہیں جب طلبہ اسکول سے باہر نکلے گا تو والدین کو ایس ایم ایس پہنچ جائے گا۔ہوڑہ کے بانگڑا مبارک حسین گرلز اسکول میں بھی یہی نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ تعلیمی سال میں 75فیصدحاضری لازمی ہے ۔ اسکول ذرائع کے مطابق طلباء اسکول آنے کیلئے گھروں سے نہیں نکل رہے ۔ یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ متعدد طلبہ مقررہ وقت سے پہلے اسکول چھوڑ دیتے ہیں۔ ان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بائیو میٹرک حاضری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ اسکول میں مڈ ڈے میل کے لیے طلباء کی حاضری ہر روز شمار کی جانی ہے ۔ اس کے مطابق ہی کھانا پکایاجاتا ہے ۔حال ہی میں کچھ اسکولوں نے ڈیجیٹل کارڈ سسٹم متعارف کرایا ہے ۔ اس کارڈ کو مشین پر چھو کر حاضری ریکارڈ کی جاتی ہے ۔ بانگڑہ کے اسکول میں بائیو میٹرک حاضری کے لیے مزید جدید مشین لگائی گئی۔ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر نوریز ملا نے کہاکہ ہم نے اسکول کے اپنے فنڈز سے تقریباً 1 لاکھ روپے خرچ کرکے طلباء کے لیے اس ڈیجیٹل حاضری کا نظام شروع کیا ہے ۔