سرکاری اشتہارات ،ممتا کے بیان پر ممبئی پریس کلب کی تنقید

   

ممبئی : مقامی نیوز چینلوں کو اشتہارات دینے سے متعلق وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے بیان کی سخت تنقید کرتے ہوئے ممبئی پریس کلب نے کہا ہے کہ سرکاری اشتہارات کے ذریعہ اخبارات اور میڈیا ہاؤسیس کی وفاداری خریدنے کا سلسلہ کوئی نیا نہیں ہے ۔پہلے بھی سرکاری اشتہارات کو میڈیا پر قابو پانے کیلئے بطور ٹول استعمال کرتی رہی ہے ۔اب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کھلے عام مثبت خبروں کی اشاعت کیلئے سرکاری اشتہارات دینے کی پیش کش کی ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں ایک پروگرام میں مقامی اخبارات کو اشتہارات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت مقامی اخبارات کو اشتہارات دینے کیلئے تیار ہے ۔مگر اس کیلئے ہر دن ڈی ایم کے دفتر میں اخبارات کی ایک کاپی بھیجنی ہوگی۔اگر اخبارات مثبت خبریں شائع کرتے ہیں اور ڈی ایم ان کے حق میں رپورٹ دیتے ہیں تو ایسے اخبارات کو سرکاری اشتہارات دئیے جائیں۔ ممبئی پریس کلب نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بیا ن کا ایک ویڈیو کلپ ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کا یہ بیا ن پریس کی آزادی کے لیے خطرہ ہے ، اور ممبئی پریس کلب ممتا بنرجی کی طرف سے کی گئی اس بے ہودہ عوامی پیشکش کی مذمت کرتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا بیان فوری طور پر واپس لیں اور آزادی صحافت کا احترام کریں۔