سرکاری ایریا ہاسپٹل کے کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

   

نظام آباد۔8 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی نے درپلی منڈل ہیڈکوارٹر میں زیر تعمیر سرکاری ایریا ہاسپٹل کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداران کو واضح کیا کہ عوامی صحت سے جڑے اس اہم منصوبہ میں کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے درپلی کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کو 30 بستروں سے بڑھا کر 100 بستروں کے ایریا ہاسپٹل میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کے لیے 33.15 کروڑ روپئے کی لاگت سے جدید عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ کلکٹر نے درپلی پہنچ کر تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ مکمل شدہ کاموں کے معیار کی جانچ کی اور باقی کاموں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔کاموں کی سست رفتار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے روزانہ کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد کے بارے میں دریافت کیا اور ہدایت دی کہ ستمبر کے اختتام تک تعمیر مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم سے قبل جنگی خطوط پر کاموں کو انجام دیا جائے تاکہ کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ساتھ ہی ہاسپٹل میں درکار تمام طبی آلات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے خبردار کیا کہ تعمیراتی کاموں میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی اور اگر کارکردگی میں بہتری نہ آئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ریت کی قلت جیسے بہانوں سے گریز کرنے اور متعلقہ اداروں سے اجازت حاصل کرتے ہوئے مناسب مقدار میں ریت کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ریت کی نقل و حمل صرف صبح کے اوقات میں ہو اور رات کے وقت کسی بھی صورت میں اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے مرکزی سڑک سے ہاسپٹل تک رسائی کے لیے اپروچ روڈ کی تعمیر کی بھی ہدایت دی۔ اس موقع پر تحصیلدار شانتا، ٹی جی ایم آئی ڈی سی کے اسسٹنٹ انجینئر پروین اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔