سرکاری تنظیموں میں مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے کا مطالبہ

   

نئی دہلی: وائی ایس آئی کانگریس پارٹی کے وجے سائیں ریڈی نے منگل کو راجیہ سبھا میں بیروزگاری کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ سرکاری اداروں میں بھرتی کا عمل شروع کیا جانا چاہئے۔ ریڈی نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرکاری تنظیموں میں لاکھوں عہدے خالی پڑے ہیں۔ ریلوے میں 2 لاکھ اور سلامتی دستوں میں 6 لاکھ عہدے خالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری کا انتظار ہے اور ایک عہدہ پر تقرری میں اوسطاً دو سے تین سال کا وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بے صبری سے ان خالی عہدوں کے بھرنے کے عمل کے شروع ہونے کا انتظار ہے۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ حکومت کو جلد از جلد ان عہدوں کو بھرنے کے لئے اقدام کرنے چاہئے جس سے نوجوانوں کو روزگار مل سکے ۔