بھونیشور: اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن ماجھی نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ریاست بھر کے سرکاری دفاتر میں سینسر سے چلنے والے برقی آلات کا استعمال کیا جانا چاہیے ۔ اس سے توانائی کے تحفظ میں مدد ملے گی ۔ماجھی نے ریاستی محکمہ بجلی کے مختلف پروگراموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں آئندہ موسم گرما کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات اور پردھان منتری سوریہ گھر یوجنا کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کور کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پردھان منتری سوریہ گھر یوجنا میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک جامع اطلاعاتی مہم چلانے پر زور دیا۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے بجٹ اخراجات کو کم از کم 85 فیصد تک بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے فیڈرز اور ٹرانسفارمرز کو اپ گریڈ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی فراہمی کے شعبے میں ایک مضبوط بیک اپ سسٹم قائم کریں۔