سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابوں کو تنخواہیں اور وظائف جاری کردئے گئے

   

حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے اکٹوبر 2019 کے بعد آج پہلی مرتبہ سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابان کو یکم مارچ کو تنخواہوں اور وظیفوں کی اجرائی عمل میں لائی ۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی میں تاخیر کو جلد دور کرلیا جائے گا اور گذشتہ ماہ یکم فروری کو تنخواہوں کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی جبکہ اندرون ایک ہفتہ تمام وظیفوں کی اجرائی عمل میں آئی تھی۔ آج جاری تفصیل میں بتایا گیا کہ حکومت نے ماہ فروری کی تنخواہ اور وظائف یکم مارچ کو جاری کردیئے ہیں جبکہ سابق میں مہینہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی اجرائی سال 2019 ماہ اکٹوبر میں ہوئی تھی اس کے بعد کبھی سرکاری ملازمین کو مہینہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یکم مارچ کو 3لاکھ 69 ہزار 200 ملازمین کے علاوہ 2لاکھ 88ہزار وظیفہ یابان کے وظائف جاری کردئیے ہیں۔سال گذشتہ حکومت نے ماہ فروری کی تنخواہیں 13مارچ کو جاری کی تھیں جبکہ جنوری کی تنخواہیں 13فروری کو جاری کی گئی تھیں ۔ تلنگانہ میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد حکومت نے سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے اقدامات کا اعلان کیا تھا اور انتخابات سے قبل وعدہ کیا گیا تھا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی اجرائی میں تاخیر کو دور کرکے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے معاشی ابتر صورتحال کے باوجود سرکاری ملازمین اور وظیفہ یابان کو پہلی تاریخ کو تنخواہوں اور وظائف کی اجرائی کے اقدامات کئے ہیں جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر پائی جانے لگی ہے۔3