سرکاری ملازمین اپنے حقوق کی جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں

   

اتم کمار ریڈی کی اپیل ، چیف منسٹر کے آمرانہ رویہ کی مذمت، آر ٹی سی ہڑتال کی تائید

حیدرآباد7 اکتوبر ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی تیاری کریں کیونکہ کے سی آر حکومت ہر طبقہ کو اس کے جائز حق سے محروم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ اتم کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں مخالف عوام اور غیر جمہوری حکومت قائم ہے اور اسے سرکاری ملازمین اور عوام کی بھلائی کی کوئی فکر نہیں ۔ صدر پردیش کانگریس نے چیف منسٹر کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کو مذاکرات کیلئے مدعو کرنے کے بجائے انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کے فیصلہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو برطرفی کا اختیار حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو آج آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال غیر قانونی دکھائی دے رہی ہے جبکہ یہی ملازمین تھے جنہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران ہڑتال کرکے جدوجہد کو کامیاب کیا تھا ۔ اس وقت کے سی آر کو آر ٹی سی ملازمین اپنے بھائی نظر آئے لیکن آج وہ انہیں دشمن کی طرح دیکھ رہے ہیں۔ ملازمین جب اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں تو کے سی آر انہیں دبانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین کے حق میں دیئے گئے بیانات اور تیقنات کے ویڈیوز کا مشاہدہ کریں ۔ اپوزیشن میں ایک رنگ اور حکومت میں دوسرا رنگ کے سی آر کی عادت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کا کے سی آر کے پاس کوئی احترام نہیں ہے۔ اسمبلی میں سرکاری ملازمین کو کتے کی دم کہا گیا۔ ریونیو ملازمین پر بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا گیا جبکہ وی آر او سسٹم کو برخواست کرنے کے سی آر پیشرفت کر رہے ہیں۔ اتم کمار نے تمام سرکاری محکمہ جات کے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خلاف صف آراء ہوجائیں اور کانگریس ان کی تائید کرے گی۔ ہندوستان دنیا کی بڑی جمہوریت ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر سطح پر عوام کے مفادات کا تحفظ کریں۔ اتم کمار ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کو بات چیت کیلئے مدعو کریں۔