حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیول جج جیوتر مائی کی ویملواڑہ کے سرکاری ہاسپٹل میں ڈیلیوری کو سراہا اور کہا کہ سرکاری دواخانوں میں موجود بہتر طبی سہولتوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ دو دن قبل سیول جج نے اپنی ڈیلیوری کیلئے سرسلہ ضلع کے ویملواڑہ ایریا ہاسپٹل کا انتخاب کیا تھا۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر چیف منسٹر نے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دولتمند ممالک میں عوام خانگی ہاسپٹلس کے اخراجات کی پابجائی کے موقف میں ہوتے ہیں لیکن تلنگانہ میں حکومت کیلئے یہ بات خوش آئیند ہے کہ عوام سرکاری ہاسپٹلس میں موجود سہولتوں پر اعتبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی عوامی حکومت کے تشکیل کے 17 ماہ میں ویملواڑہ میں کئی کامیابیوں کی اطلاعات ہیں۔ سیول جج نے اپنی ڈیلیوری کے لئے سرکاری ہاسپٹل کا انتخاب کرتے ہوئے مثال قائم کی ہے۔ ان کی دختر تلنگانہ کی امید ہے اور ہم ان کے بہتر مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرسلہ کے سرکاری ہاسپٹل میں 100 بستروں کی سہولت موجود ہے۔ خواتین کثیر تعداد میں ہاسپٹل سے رجوع ہورہی ہیں جہاں ان کا موثر علاج کیا جارہا ہے ۔ ضلع ہیلت آفیسر ایس رجیتا نے بتایا کہ ہاسپٹل میں ہر ماہ 120 سے زائد ڈیلیوریز انجام دی جارہی ہیں۔1