حیدرآباد، 13ستمبر (یو این آئی) تلنگانہ اورآندھراپردیش کے مشترکہ سری سیلم پراجکٹ سے پانی چھوڑاگیا۔اس ڈیم کے بالائی علاقوں سے پانی کا شدید بہاو جاری ہے جس کے سبب حکام نے اس کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کوچھوڑا۔ پراجکٹ میں پانی کے شدید بہاؤ بڑھنے کے باعث اس سال پانچویں بار تین دروازوں کو 10 فٹ تک اونچا کرتے ہوئے پانی کو چھوڑاگیا۔اس وقت پراجکٹ میں 2,26,192 کیو سک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد دروازے کھول کر 1,49,104 کیوسیک پانی چھوڑا گیا ۔ پراجکٹ کی سطح آب 885 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 883.90 فٹ تک پہنچ چکی ہے ۔ دائیں اور بائیں پاور ہاؤسس میں بجلی کی پیداوار جاری ہے ۔حکام کے مطابق بالائی سے پانی کے اس پراجکٹ میں بہاو میں اضافہ ہو رہا ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔ محکمہ موسمیات نے اطلاع دی کہ اتوارکو آندھرا پردیش میں شدید بارش متوقع ہے ۔