وزیر مال سرینواس ریڈی کا دورہ، پسماندگان کو فی کس 25 لاکھ روپئے کی ادائیگی کا اعلان
حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سری سیلم لفٹ بنک کنال کی سرنگ میں چھت کے انہدام کے بعد لاپتہ 6 ورکرس کی موت کی سرکاری طور پر توثیق کردی ہے۔ ناگرکرنول ضلع میں سرنگ کی چھت منہدم ہونے سے جملہ 8 ورکرس ملبہ میں پھنس گئے تھے اور ایک ماہ سے زائد کی بچاؤ مہم اور ملبہ کی صفائی کے بعد دو نعشوں کو نکالا جاسکا۔ حکومت نے آج سرکاری طور پر باقی 6 مزدوروں کی موت کی تصدیق کردی اور ان کے پسماندگان کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے آج سری سیلم لفٹ بنک کنال میں جاری بچاؤ کاموں اور پانی و ملبہ کی صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومت کی بچاؤ ٹیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پھنسی ہوئی نعشوں کو نکالنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ باقی چھ ورکرس کے زندہ رہنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور اندرون دو یوم ان کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کی رقم حوالے کی جائے گی۔ سرنگ کی چھت منہدم ہونے کا واقعہ 22 فروری کو پیش آیا تھا اور 40 دن کی مہم کے بعد دو نعشیں برآمد کی گئیں مزید چھ نعشوں کا ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔ گرپریت سنگھ کی نعش 9 مارچ کو دستیاب ہوئی جبکہ منوج کمار پراجکٹ انجینئر کی نعش 25 مارچ کو دستیاب ہوئی تھی۔ حکومت نے پسماندگان کیلئے فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت نے واقعہ کے فوری بعد پھنسے ہوئے افراد کو ہر ممکن کوشش کی ۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کلکٹر ناگرکرنول بی سنتوش کو ہدایت دی کہ 6 مہلوکین کے پسماندگان کو فوری ایکس گریشیا کی رقم ادا کی جائے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت سری سیلم لفٹ بنک کنال پراجکٹ کی تکمیل میں سنجیدہ ہے اور تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ پراجکٹ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جاریہ میعاد میں پراجکٹ کی تکمیل کا منصوبہ ہے۔ گذشتہ 40 دن میں 750 سے زائد بچاؤ ٹیمیں دن رات ملبہ کی صفائی میں مصروف رہیں تاکہ پھنسی ہوئی نعشوں کو نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سطح کے 11 مختلف ادارے بچاؤ کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 550 ورکرس سرنگ کی مکمل صفائی تک اپنا کام جاری رکھیں گے اور لاپتہ چھ ورکرس کی نعشوں کو برآمد کیا جائے گا۔ 1