سری نگرکالونی میں قتل کے ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) اپل پولیس نے سری نگر کالونی کے سنسنی خیز قتل میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تین مفرور بتائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ 2 جون کی رات 22 سالہ موگلی مایاگری عرف پرساد کا قتل کردیا گیا تھا اس وقت مقتول کے والد نے جو کے سی آر نگر کا ساکن ہے شکایت درج کروائی تھی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کل 10 افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے 7 کو گرفتار کرلیا ہے۔ جس میں 28 سالہ شخص بی ناگراجو، 23 سالہ رمیش، 27 سالہ چنڈی اومکر، 22 سالہ چنڈی رامو،34 سالہ کیرا رجنی کانت، 25 سالہ جی راجو اور 29 سالہ سنیل کمار کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ 29 سالہ مشتاق ، سائی اور سنتوش مفرور بتائے گئے ہیں۔ پرانی دشمنی کے سبب پرساد کا قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق قاتل ناگراجو، رمیش، مشتاق و دیگر کے علاوہ مقتول کا مجرمانہ ریکارڈ ہے۔ یہ لوگ چوریاں کرتے تھے اور کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ پرساد گنیش منڈپ میں سرقہ کی واردات میں ملوث تھا جو اس نے سال 2018 ستمبر میں انجام دی تھی اور پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کی وجہ وہ ناگراجو، رمیش اور مشتاق کو تصور کرتا تھا۔ اس دوران ایک دوسرے کے خلاف اطلاعات میں یہ لوگ مصروف ہوگئے۔ پرساد اس کی آشنا کے ہمراہ رہتا تھا اور اس پر مخالف گروپ کی نظر تھی اس دوران پرساد نے ناگراجو ، رمیش اور مشتاق کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ جس سے تنگ آکر انہوں نے سازش تیار کی اور پرساد کا قتل کردیا۔ پولیس مفرور افراد کی تلاش میں مصروف تحقیقات ہے۔