سری نگر میں ’’ٹارگٹ کلنگ‘‘کے واقعہ میں پولیس سب انسپکٹر کی موت

   

سری نگر،12 ستمبر: سری نگر کے خانیار میں اتوار کو ایک مشتبہ جنگجو نے ایک پولیس سب انسپکٹر پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خانیار میں اتوار کو دوپہر کے وقت ایک جنگجو نے پولیس سب انسپکٹر ارشد احمد میر ساکن کلمونہ کپوارہ پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ارشد احمد کو پہلے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال اور پھر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں سے جانبر نہ ہو سکے ۔اس دوران پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے جس میں ایک مشتبہ جنگجو کو پیچھے سے آ کر راہ چلتے سب انسپکٹر کو بالکل نزدیک سے گولیاں مارتے ہوئیدکھایا گیاہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تمام چیکنگ پوائنٹس کو الرٹ کیا گیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ‘ٹارگٹ کلنگ’ کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔