سزا مکمل کرنے والے ماہی گیروں کورہا کرنے ہندوستان کا پاکستان سے مطالبہ

   

اسلام آباد؍ نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی جیلوں میں قید ان 184 ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی کا عمل تیز کرے جو اپنی سزائیں مکمل کرچکے ہیں۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے پیر یکم جنوری کو جاری ایک بیان میں پاکستان سے کہا کہ وہ اپنی سزائیں پوری کرچکے 184 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہائی اور وطن واپسی کے عمل میں تیزی لائے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں قید بارہ شہریوں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ہندوستانی ہیں، تک قونصلر رسائی فراہم کرے۔ہندوستانی وزارت خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تمام ہندوستانیوں، جن کے بارے میں یقین ہے کہ وہ ہندوستانی سویلین قیدی اور ماہی گیر ہیں، کی رہائی اور ہندوستان واپسی تک، حفاظت، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنائے۔ اس میں مزید کہا گیا ہیکہ ہندوستان ایک دوسرے ملک میں قیدیوں اور ماہی گیروں سے متعلق انسانی معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔