سشانت سنگھ کے خاندان کو انصاف دلانے چراغ پاسوان کا ادھو ٹھاکرے کو مکتوب

   

پٹنہ۔ بالی ووڈ اسٹار سشانت راجپوت کی خود کشی معاملے میں تحقیقات کے مطالبہ میں شدت پیدا ہورہی ہے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور فلمی ستاروں کے ذریعہ اس خود کشی کا معاملہ سلجھانے کے مطالبہ کے دوران لوک جن شکتی پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ چراغ پاسوان نے ادھو ٹھاکرے سے فون پر ہوئی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان جو کہ اپنی اداکاری کی وجہ سے نہ صرف بہار، بلکہ پورے ملک میں مقبول تھا، اس نے 14 جون کو خود کشی کرلی۔چراغ پاسوان نے مزید لکھا، ’میں ان کی فیملی کے کچھ ممبران سے مسلسل رابطے میں ہوں اور ان کی خودکشی کرنے کے بعد قریبی لوگوں نے اس کے پیچھے کسی سازش کی طرف اشارہ کیا ہے۔ سبھی کا یہ ماننا ہے کہ سشانت سنگھ ہندوستانی فلمی دنیا میں پنپ رہی گروہ بندی کا شکار ہوئے ہیں۔ چراغ پاسوان نے لکھا ہے کہ گروپ بندی کے سبب بڑے فلمسازوں نے سشانت سنگھ کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے سبب انہیں خود کشی کرنی پڑی، ایسا کئی لوگوں کا کہنا ہے’۔چراغ پاسوان نے خط میں ادھو سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کروائی جائے۔