سعودیہ سے تحفے میں ملی گھڑی کی فروخت کا الزام، سابق برازیلین صدرکی گرفتاری کا امکان

   

برازیلیا:سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنے کے الزام میں سابق برازیلین صدر بولسونارو کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 2021میں سعودی حکومت کی جانب سے برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو تحفے میں قیمتی گھڑی اورزیورات دئیے گئے تھے۔ تحفے میں ملی قیمتی گھڑی کو بولسونارو کے قریبی ساتھی نے امریکہ کے ایک مال میں فروخت کیا تھا جس کی رقم 68 ہزار ڈالرز سابق برازیلین صدر نے وصول کی۔ رپورٹ کے مطابق 68 سالہ بولسونارو کے خلاف فراڈ اورالیکشن میں ہیر پھیر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے متعدد ساتھی جیل میں ہیں۔ سابق برازیلین صدر کو انتخابات میں شکست ہوئی اور ان پر7 سال تک کوئی بھی اہم عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سعودی عرب سے ملی قیمتی گھڑی بیچنے کے الزام میں ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔