ریاض31جولائی (یو این آئی) سعودی عرب سے شاہ سلمان مرکز کے تحت غزہ کے لیے غذائی امداد لے کر جانے والے مزید 7 ٹرکوں نے چہارشنبہ کو رفح بارڈر کراسنگ کو عبور کرلیا۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انسانی امداد فلسطینی عوام کی فوری مدد کے لیے سعودی عرب کی جاری مہم کا حصہ ہے ۔رپورٹس کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی جانب سے اب تک 58طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعہ 7ہزار 188ٹن امدادی سامان غزہ روانہ کیا جاچکا ہے ۔اس سامان میں شیلٹرز، طبی اور غذائی امداد کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو دی جانے والی 20 ایمبولینسں شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق مرکز نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے لئے امدادی منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے متعدد بین الاقوامی تنظیموں کیساتھ معاہدوں پر بھی دستخط کئے جن کی مجموعی مالیت 90.35ملین ڈالر ہے ۔ شاہ سلمان مرکز اردن کے تعاون سے غزہ کی پٹی کی بندش کے باعث متاثرہ افراد تک غذائی امداد کے لئے ایک ایئر ڈراپ آپریشن میں بھی مصروف ہے ۔واضح رہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث غزہ میں قحط کی بدترین صورتحال سامنے آرہی ہے اور وسیع پیمانے پر اموات سے بچنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ کے مطابق علاقہ میں ایک لاکھ خواتین اور بچے غذائی قلت کا شکار ہیں جنہیں فوری امداد کی اشد ضرورت ہے ۔ماہرین نے غزہ کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں خبردار کیا کہ وہاں قحط کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ 21ماہ سے جاری جنگ کے دوران زیادہ تر لوگوں کے پاس مالی وسائل موجود نہیں ہیں۔