ریاض ۔ 14 نومبر (سیاست نیوز) دنیا میں بجلی پیدا کرنے کے متبادل طریقوں پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں سعودی الیکٹرک سٹی ریگولیٹری اتھاریٹی نے شمسی توانائی و دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے نئے ضوابط جاری کردیئے ہیں جن کا مقصد سولار اور دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے والے سسٹم کی تنصیب اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق نئے ضوابط میں شمسی توانائی، ہوا، حیاتیاتی ایندھن اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے نظاموں کے علاوہ بجلی کو اسٹور کرنے والی ٹکنالوجی بھی شامل ہوں گی۔ اتھاریٹی کا کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے والے نظاموں کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت ایک میگاواٹ سے بڑھاکر 50 میگا واٹ کردی گئی ہے۔