الجیریا: الجزائر کے دارالحکومت الجزائر میں سعودی عرب کے سفارت خانے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے مشتبہ شخص کو الجزائری سیکوریٹی فورسز نے گرفتارکرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سفارت خانہ کوعلی الصباح ایک شخص کی کال موصول ہوئی تھی۔ اس نے سفارت خانے کو بم سے اڑانے کی براہ راست دھمکی دی تھی، جس کے بعد سفارت خانے کے حکام نے فوری طور پرالجزائر کی متعلقہ سیکوریٹی فورسز کو مطلع کیا تھا۔ الجزائر کے سرکاری ٹیلی ویڑن کی اطلاع کے مطابق دارالحکومت کی سیکوریٹی فورسز نے تفتیش کے بعد مشتبہ شخص کوگرفتارکرلیا ہے اور مقدمہ کی کارروائی سے قبل اس شخص کے طبی معائنے اور نفسیاتی ٹسٹ کیے گئے تھے۔ سعودی سفارت خانہ نے ایک بیان میں تخریبی کارروائی کی دھمکی دینے والے شخص کی گرفتاری پرالجزائر کے حکام کی غیرمعمولی کوششوں کو سراہا ہے اورالجزائر کی سیکوریٹی فورسز پریقین اوراعتماد کا اظہار کیا ہے جنھوں نے سفارت خانہ اوراس کے ملازمین کوکسی ممکنہ خطرے سے بچانے اورایسا کرنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لانے میں بلاتاخیرکارروائی کی ہے۔