سعودی سفیر کی بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ سے ملاقات

   

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سعودی عرب کے سفیر عیسیٰ یوسف عیسی الدحیلان نے جمعرات کو وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن سے خیرسگالی ملاقات کی۔دونوں نے ملاقات کے دوران دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔یہ اطلاع وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر مومن نے الدحیلان کا اپنے دفتر میں خیرمقدم کیا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر ان کی بھر پور تعریف کی۔ سعودی سفیر نے ڈاکٹر مومن کی حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔سفیر نے مومن کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود کا ایک مکتوب بھی حوالے کیا جس میں انہیں سعودی عرب کا دورہ کرنے اور باہمی تعاون کا جائزہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر مومن نے اس کی ستائش کی اور دعوت قبول کرتے ہوئے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دورے کا منصوبہ بنایا جائے گا۔ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے مختلف دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال اور ان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری، سیکورٹی، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تیزی سے مضبوط ومستحکم ہورہے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن نے سعودی عرب کے نیوم شہر میں روزگار کے زیادہ امکانات پر مختلف تجارتوں میں ہنر مند کارکنان اور تکنیکی ماہرین فراہم کرنے میں بنگلہ دیش کی تیاری سے آگاہ کیا۔