سعودی شہر عسیر، جازان بڑی تباہی سے محفوظ، حوثیوں کے ڈرونز تباہ

   

عرب اتحاد کی یمن میں فضائی کارروائی، حوثیوں کے گڑھ میں جدید اسلحہ ڈپو پر حملہ
ریاض 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں مصروف عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا بموں سے لیس بغیر پائیلٹ جاسوسی طیارہ نشاندہی کے بعد فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔ ڈرون طیارہ مملکت کے عسیر ریجن میں سویلین رہائشی علاقوں کی سمت بھیجا گیا تھا۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی فورسز نے عسیر ریجن کی جانب ارسال کردہ ڈرون طیارے کو مقامی وقت ہفتے کی شب 11:45 بجے تلاش کیا گیا۔حوثیوں کا عسیر کی فضائی حدود میں تباہ کردہ ڈرون گذشتہ شب گرایا جانے والا دوسرا طیارہ تھا۔ اس سے قبل مملکت کی یمن کے ساتھ جنوبی سرحد پر واقع جازان شہر کی سمت بھیجا گیا حوثی ملیشیا کا ڈرون بھی اتحادی فوج نے مار گرایا تھا۔’’حوثی دہشت گرد سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے ڈرون طیارے بھیج رہے ہیں۔ ان کا ہدف شہری علاقوں میں عوامی مقامات ہوتے ہیں۔ آج تک ارسال کردہ ان ڈرون کی کوئی بھی معاندانہ کارروائی کامیاب نہیں ہو سکی۔‘‘یمن کی آئینی حکومت کو تعاون فراہم کرنے والے عرب اتحاد نے ہفتے کے روز شمالی یمن کے دور افتادہ شہر صعدہ کے علاقے کتاف میں واقع حوثی ملیشیا کے اہم ٹھکانے اور جدید اسلحہ ڈپو پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دونوں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔کتاف سیکٹر کے میڈیا سینٹر نے بتایا کہ اتحادی طیاروں نے وادی حضوان میں حوثی ملیشیا کے زیر استعمال اسلحہ گودام پر بمباری کی۔ اس جگہ میزائل سمیت حوثیوں کے زیر استعمال دوسرا جدید اسلحہ چھپا کر رکھا گیا تھا۔ صعدہ کا علاقہ کتاف حوثیوں کا اہم ٹھکانا ہے۔میڈیا سینٹر نے بتایا کہ بمباری سے اسلحہ ڈپو دھماکوں سے لرز اٹھا اور اس عرب اتحاد میں شامل لڑاکا طیاروں کی اس کارروائی میں حوثیوں کے متعدد جنگجوؤں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا سینٹر نے حوثی اہداف پر عرب اتحاد کے کامیاب حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں۔واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اکثر و بیشتر سعودی عرب کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کئے جاتے ہیں اور انہیں سعودی عرب کی جانب سے ناکام بنایا جاتا رہا ہے ۔