سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ میںعید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ

   

ریاض ؍ تہران : سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا ہے۔ فون کال کے دوران شہزادہ فیصل نے عبداللہیان سے باہمی تشویش کے متعدد امور پر گفتگو کی۔ ساتھ ہی حالیہ معاہدے کے بعد اگلے اقدامات پر بھی بات چیت کی۔یاد رہے چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے میں سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔سعودی عرب اور امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک نے 2016 میں تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامیوں کے حملے کے بعد ایران سے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔نئے معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے جون میں اپنے سفارت خانے اور مشن دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل دستخط کیے گئے سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کرنے کا عہد کیا ہے۔