کے ٹی آر کی زخمی شخص کے افراد خاندان سے ملاقات
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سعودی عرب میں حادثہ میں زخمی سرسلہ کے شخص کی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا اور کہا کہ وہ علاج کے علاوہ واپسی کے اقدامات کریں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے سرسلہ ضلع کے منڈے پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے مائیگرینٹ ورکر ایم مہیش کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ سعودی عرب میں ایک حادثہ میں مہیش شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کو اہلیہ کے علاوہ دو بچے ہیں۔ مہیش اپنی کمپنی کی جانب سے فراہم کی گئی بس میں سفر کررہا تھا کہ جبیل کے مقام پر بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس حادثہ میں 9 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مہیش اور دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔ مہیش کا جبیل کے سرکاری ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ افراد خاندان نے بتایا کہ گزشتہ 15 دن سے زیر علاج ہیں لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ دن بہ دن حالت میں بگاڑ پر افراد خاندان نے کے ٹی آر سے مدد کی درخواست کی۔ کے ٹی آر نے منڈے پلی پہنچ کر مہیش کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور تعاون کا بھروسہ دلایا۔ انہوں نے مہیش سے ویڈیو کال پر بات چیت کی اور بھروسہ دلایا کہ وہ آئندہ 5 دنوں میں واپسی کے انتظامات کریں گے اور حیدرآباد کے کسی ہاسپٹل میں علاج کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے سعودی عرب میں مقیم بی آر ایس کے نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ جبیل ہاسپٹل پہنچ کر مہیش سے ملاقات کریں۔ انہوں نے نمس میں اپنے ذاتی صرفہ سے علاج کا تیقن دیا۔ 1