سعودی عرب میں کورونا وائرس سے 8 ہندوستانی فوت

   

تلنگانہ کے دو افراد بھی شامل ، تمام متوفیوں کی مکہ و مدینہ میں تدفین
جدہ۔19 اپریل(پی ٹی آئی) سعودی عرب میں خوفناک وباء کورونا وائرس سے بشمول 2 ا نجینئر 8 ہندوستانی فوت ہوگئے۔ محمد اسلم خان جو مکہ میں ایک الیکٹرکل انجینئر تھے اور عظمت اللہ خان جو تلنگانہ کے ایک انجینئر ہیں ، مکہ حرم پاور اسٹیشن میں برسر خدم تھے۔ سعودی گزٹ کے مطابق یہ دونوں کووڈ ۔19 کے سبب فوت ہوگئے۔ محمد اسلم خان کا تعلق اترپردیش کے میرٹھ سے بتایا گیا ہے۔ انہیں 3 اپریل کو کنگ فیصل ہاسپٹل مکہ میں شریک کیا گیا تھا جب ان کی حالت بخار اور حلق میں درد کے سبب تشویشناک ہوگئی تھی۔ انہیں زائد از دو ہفتے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور ہفتہ کی رات آخری سانس لی۔ اسلم خان کے ساتھ ان کی بیوی اور ایک بیٹا اور بیٹی بھی مقیم تھا۔ یہ تینوں اپنی مرضی سے کورنٹائن میں ہیں ۔ عظمت اللہ خان کا تعلق تلنگانہ سے ہے جو جمعہ کو کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ ایک سرکردہ ہندوستانی سوشل ورکر اور کیرالہ مسلم کلچرل سنٹر کے جنرل سکریٹری مجیب اوکوٹور نے کہا کہ عظمت اللہ خان کی مکہ میں اتوار کو مکہ میں تدفین عمل میں آئی۔ 65 سالہ خان سعودی بن لادن گروپ میں 32 سال سے ملازمت کررہے تھے۔ فخر عالم بھی حرم پراجکٹ کے ملازم تھے جن کا اتوار کو اس وباء سے انتقال ہوگیا۔ برکت علی عبداللطیف فقیر الیکٹریکل انجینئر مدینہ منورہ میں ملازم تھے، کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ سعودی وزارت صحت نے 14 اپریل کو ایک رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی بن لادن گروپ کے 117 افراد متاثر ہوئے تھے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد صادق جو جدہ میں ملازمت کرتے تھے، کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔