سعودی عرب نے سرکاری طور پر ’ماڈرنا‘ ویکسین کی منظوری دے دی

   

ریاض ۔ سعودی عرب میں وزارت صحت نے جمعہ کے روز کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیار کی گئی ماڈرنا ویکسین کے استعمال کی باضاطہ طور پر منظوری دی ہے۔ ماڈرنا کی منظوری کے بعد مملکت میں کرونا کے لیے استعمال ہونے والی ویکسینوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ماڈرنا ویکسین دو خوراکوں کل شکل میں انجیکشن کے ذریعے لگائی جائے گی اور دونوں خوراکوں کے درمیان 42 دن کا وقفہ ہو گا۔ وزارت صحت نے تصدیق کی کہ یہ ماڈرنا کرونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظت کے لیے موثر ہے۔ سعودی عرب میں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ویکسین تیار کرنے والی کمپنی کی طرف سے رجسٹریشن کے لئے دی گئی درخواست کے بعد اسے مملکت میں درآمد پر اتفاق کیا تھا۔ سعودی عرب میں شہری’صحتی‘ ایپ کے ذریعہ اپنی رجسٹریشن کرانے کے بعد ویکیسن لگوا سکتے ہیں۔ اس سے قبل آسٹرا زینیکا، فائزر اور جانسن اینڈ جانسن ویکسینز کے استعمال کی اجازت دی تھی۔ ماڈرنا کے بعد ان ویکسینوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔