سعودی عرب کوویڈ۔19کی ویکسینوں کی پیداوار کا علاقائی مرکز بننے کو تیار

   

ریاض : سعودی عرب کورونا کی ویکسینوں کی پیداوار کا علاقائی مرکزبننے کو تیار ہے۔یہ بات شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز(کے ایس ریلیف) کے نگران اعلیٰ عبداللہ الربیعہ نے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب مشرقِ اوسط ، افریقہ اورایشیا میں متعلقہ صنعتوں کو علاقائی رنگ دینے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ’’ویکسینوں کی علاقائی سطح پر پیداوار اور ادویہ کی سپلائی سے روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اس سے حفظانِ صحت کے نظاموں کی ویکسین کی تقسیم اورترسیل کو بہتر بنانے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔‘‘ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ’’سعودی عرب ہاسپٹلس کے عملہ اورعام لوگوں کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات، وینٹی لیٹرز،طبّی مقاصد کے لیے گیس اور دوسری ادویہ مہیا کرسکتا ہے۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ’’ویکسین اور طبّی آلات کی ترسیل میں عدم مساوات سے دنیا کے دسیوں ممالک کوروناوائرس کی وبا پرقابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔تمام ممالک کی کورونا وائرس کی ویکسینوں تک رسائی سے کووِڈ-19 پرقابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔مستقبل میں ایسی کسی وبا پر قابو پانے کے لیے کوویڈ۔19 سے حاصل ہونے والے سبق سے سیکھنا ضروری ہے۔‘‘ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ کے مطابق سعودی عرب نے عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے 71 کروڑ30 لاکھ ڈالرامداد کے طورپرمہیا کیے ہیں۔