سعودی عرب کے ساحل پر پہلا فیشن شو

,

   

ریاض ۔ سعودی عرب میں پہلا فیشن شو بحیرہ احمر کے ساحل پر ہوا ہے۔ مملکت سے 16 خواتین ماڈلس نے ملبوسات کی نمائش میں حصہ لیا ہے۔ فیشن شو ینبع کمشنری کے الراس الابیض جزیرے میں ہوا جہاں300 افراد موجود تھے۔’’الشرق الاوسط‘‘ کے مطابق اس ایونٹ کی اہمیت کئی حوالوں سے ہے۔ پہلی بات تو یہ کہ شو بحیرہ احمر کے ساحل پر کیا گیا۔ کورونا وبا کے دور میں اس کا اہتمام ہوا۔ اہمیت کا تیسرا پہلو یہ ہے کہ سعودی عرب میں اس کا انتظام ایسے وقت ہوا جبکہ بین الاقوامی فیشن متعدد مسائل سے دوچار ہے۔ فیشن شو منظم کرنے والی کمپنی نیش ارابیا کی بانی مریم مصلی نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث سفری پابندیاں ہیں۔ وبا سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے اپنے چیلنج ہیں تاہم پرجوش نئی نسل اپنے آپ کو منوانے کیلئے پرعزم ہے۔ نئی نسل کا یہی عزم اسے اپنا مشن جاری رکھنے اور درپیش حالات کو اپنے حق میں کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ مریم مصلی نے بحرانی حالات کے باوجود پورا پروگرام سعودی خواتین کے تعاون سے کیا۔ تمام ماڈلس اور فیشن ڈیزائنرس، میک اَپ کی ماہر، فوٹو گرافرز سب کی سب سعودی تھیں۔ میوزک اور ہدایت کاری کا کارنامہ بھی مقامی افراد نے ہی انجام دیا۔