ریاض:/27 مارچ (ایجنسیز) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران 11 صوبوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش صوبہ مکہ مکرمہ کی کمشنری الکامل میں 59.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ طائف کے علاقے الہدا میں 57.6 ملی میٹر اور الشفا میں 44.3 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ جموم کے علاقے ریان میں 42.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح صوبہ مدینہ منورہ کی کمشنری بدر کے علاقے مسیجید میں 39.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 238 ہائیڈرولوجیکل اور موسمیاتی نگرانی کے اسٹیشنوں نے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کا ریکارڈ پیشکیا۔ان میں ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، الشرقیہ، عسیر، تبوک، حائل، شمالی حدود، باحہ اور جوف کے صوبے شامل ہیں۔