سعودی میں کام کرنے کیلئے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ لازمی

   

جدہ: سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہاں تمام ہندوستانیوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ پیش کرنا پڑے گا۔ ممبئی میں سعودی عرب کے قونصل خانہ نے ٹراویل ایجنٹس سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایمپلائمنٹ ویزا انڈارسمنٹ کے لئے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ داخل کریں۔نئے قاعدہ پر 22 اگست سے عمل ہوگا۔ نئی دہلی میں کچھ عرصہ سے سعودی عرب کے سفارتخانہ میں پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے لزوم پر عمل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے بشمول تمام جنوبی ریاستیں ویزا پروسیسنگ کے لئے ممبئی کے سعودی قونصل خانہ سے رجوع ہوتی ہیں۔ پاسپورٹ دفاتر‘ پولیس اسٹیشنس کی درخواست پر کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ کویت میں پہلے سے ہی اس طریقہء کار پر عمل کیا جا رہا ہے۔ مملکت کی جرائم سے پاک شبیہ کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے قاعدہ پر عمل کیا جا رہا ہے۔اس نظام کے ذریعہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ صرف قانون پر عمل کرنے والے امکانی ملازمین ہی کام کرنے کے لئے سعودی عرب آئیں۔ پاسپورٹ دفتر کے علاوہ ریاستی پولیس بھی یہ سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔ تلنگانہ میں درخواست گذار ویب سائیٹ pvc.tspolice.gov.in پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔