سعودی ۔ایران تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم : یورپی یونین

   

برسلز : یورپی یونین کے خارجہ تعلقات کے کمشنر جوزپ بوریل نے کل کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی سے خطہ کے استحکام میں مدد ملے گی۔ برسلز کے دورے پر آئے ہوئے عراقی وزیر خارجہ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندے کے سوال کے جواب میں بوریل نے کہا کہ سعودی اور ایرانی مفاہمت ایک اچھی خبر ہے جس سے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کو کہا کہ وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ “مستقبل قریب” میں ملاقات کریں گے۔ انہوں نے بتایا سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کیلئے 3 مقامات تجویز کیے تھے۔ایرانی وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ سعودی عرب کے ساتھ تازہ ترین پیغامات کے تبادلے کی بنیاد پر ایران نے بھی دونوں سفارت خانوں کو دوبارہ کھولنے کیلئے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ ہم نے سعودی عرب کے ساتھ دونوں سفارت خانوں کے افتتاح کی تیاری کیلئے تکنیکی وفود کا دورہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔پریس کانفرنس میں حسین امیر عبد اللھیان نے مزید کہا کہ بغداد مذاکرات کے پانچ مراحل کے بعد ریاض کے ساتھ تعلقات معمول پر آ گئے ہیں۔ خیال رہے 10 مارچ 2023 کوسعودی عرب اور ایران نے چین کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد 2016 سے اپنے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا۔