سلیمان نگر میں قتل کے ملزمین گرفتار

   

شادی میں بدامنی پر اعتراض کرنے پر قتل کرنے کا اعتراف ، اے سی پی راجندر نگر کا بیان
حیدرآباد /21 نومبر ( سیاست نیوز ) غریب لڑکی کی شادی کے دوران بدامنی پھیلانے پر اعتراض کرنا ایک نوجوان کے قتل کا سبب بن گیا ۔ 16 نومبر کو سلیمان نگر علاقہ میں اسی وجہ سے 22 سالہ محمد فیروز کا قتل کردیا گیا تھا ۔ یہ بات اسٹیٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر اشوک چکراورتی نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تین افراد 25 سالہ محمد نسیم عرف لالہ ساکن سلیمان نگر 25 سالہ شیخ سرور ساکن چنتل میٹ اور 24 سالہ محمد محسن ساکن سلیمان نگر کو گرفتار کرلیا ۔ 16 نومبر کو سلیمان نگر کے علاقہ میں بستی کے ذمہ داری کی جانب سے ایک غریب لڑکی کی شادی جاری تھی اور رات ساڑھے گیارہ بجے تک تقریب جاری تھی اور اس دوران نسیم عرف لالہ اس کے ساتھیوں کے ساتھ بدامنی پھیلا رہا تھا اور اس وقت وہ نشہ کی حالت میں تھا ۔ اس حرکت پر فیروز نے اعتراض کیا ۔ اس نوجوان کے اعتراض کے بعد ان میں آپس میں جھگڑا ہوا اور فیروز نے ڈائیل100 پر شکایت کی کچھ ہی دیر میں پولیس بھی سلیمان نگر پہونچ گئی ۔ لیکن آپس کے ذمہ دار افراد نے معاملہ فہمی کرتے ہوئے ان میں آپس میں صلح کروائی اور پولیس کو روانہ کردیا ۔ جس کے تھوڑی دیر بعد نشہ کی حالت میں دھت بدمعاش فیروز کا تعاقب کرتے رہے اور اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ راجندر نگر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔