لکھنؤ۔ 22 اگست (ایجنسیز) سماجوادی پارٹی (سپا) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کے روز کہا کہ ان کی پارٹی کبھی اتحاد نہیں توڑے گی اور اس کی اصل لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ برسراقتدار جماعت ایسی پالیسیاں اختیار کر رہی ہے جن سے بڑے کاروباری گروپوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ سماجوادی پارٹی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کا حصہ تھی۔ سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے رہنما مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ دونوں جماعتیں 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات مل کر لڑیں گی۔اکھلیش یادو نے سماجوادی پارٹی کے دفتر میں صحافیوں سے کہا، ’’سماجوادی پارٹی کبھی اتحاد نہیں توڑتی۔ جب سماجوادی پارٹی کسی کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو اس کے ساتھ کھڑی رہتی ہے اور سماجوادیوں نے ہمیشہ اپنے وعدے پورے کیے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کا مقصد سماجوادی نظریے اور پی ڈی اے (پسماندہ، دلت اور اقلیت) تحریک کے ذریعے سماجی انصاف پر مبنی حکومت قائم کرنا ہے۔ اکھلیش یادو نے برسراقتدار اتحاد کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’وہ پی ڈی اے سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے پی ڈی اے کی تعریفیں بدل رہے ہیں۔ جتنی تکلیف بڑھے گی، پی ڈی اے اتنا ہی مضبوط ہوگا۔‘‘سابق وزیر اعلیٰ نے مہنگائی کے مسئلے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ تہواروں کے قریب آنے کے ساتھ ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’آج ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، ڈیزل، پٹرول اور دیگر تمام سامان مہنگا ہو رہا ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے حکومت سے سوال کیا کہ چینی کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے ایتھنول کی پیداوار کے لیے گنے کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، ’’وہ منافع کے لیے پٹرول میں ایتھنول ملا رہے ہیں اور منافع کے لیے چینی مہنگی کر رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ یہ پیسہ کس کی جیب میں جا رہا ہے؟‘‘ یادو نے حکومت کے فی کس آمدنی بڑھنے کے دعوے پر بھی سوال اٹھایا۔