سمرتی ایرانی کے معتمد خاص کا قتل، علاقے میں کشیدگی

,

   

۔5 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ، یہ سیاسی قتل ہے : بی جے پی

امیٹھی۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع امیٹھی کے جمو پولیس اسٹیشن علاقے میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ہفتہ کی دیر رات مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے ایک معتمد خاص کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا ۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سی آر پی ایف اور بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے ۔اترپردیش میں مابعد انتخابات تشدد کے پہلے واقعہ میں دو نامعلوم افراد نے گولی مارکر انہیں ہلاک کیا ۔ پولیس نے 5 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے اور اس ہلاک کو سیاسی قتل کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اوم پرکاش سنگھ نے کہا کہ 5 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ اس قتل کے پیچھے پرانی مخاصمت کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے اور کسی سیاسی دشمنی کی بھی وجہ بھی معلوم کی جارہی ہے ۔ تحقیقات ٹیم کو اہم سراغ دستیاب ہوئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس پی)راجیش کمار نے اتوار کو بتایا کہ برولیا گاؤں کے سابق پردھان سریندر سنگھ(50) کو رات 3 بجے اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ اپنے گھر کے باہرسو رہے تھے ۔دو موٹر سائیکل سوار افراد نے سابق پردھان پر فائرنگ کی۔زخمی حالت میں سابق پردھان کو لکھنؤ ٹراما سنٹر لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔اطلاعات کے مطابق سریندر اس لوک سبھا الیکشن میں اسمرتی ایرانی کے انتخابی تشہیر میں کافی متحرک تھے اور ایرانی کانگریس صدر اہول گاندھی کو 55 ہزار ووٹوں سے شکست دینے میں کامیاب رہیں۔ برولیا گاؤں کو سابق مرکزی وزیر دفاع آنجہانی منوہر پاریکر نے سمرتی ایرانی کی درخواست پر گود لیا تھا۔ساتھ ہی ایرانی نے بذات خود برولیا میں مختلف ترقیاتی اسکیم کے لئے کافی سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا تھا۔تاہم برولیا گاؤں کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ پراپرٹی کا تنازعہ ہوسکتا ہے ۔ایس پی کے مطابق پولیس اصل مجرمین پر شکنجہ کسنے کے لئے پوری مستعدی سے کام کررہی ہے ۔اب تک پولیس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔سمرتی ایرانی دہلی میں تھی لکھنؤ سے امیتھی پہونچی اور متوفی کے ارتھی جلوس میں شرکت کی ۔ انہوں نے مرحوم کی ارتھی کو بھی کاندھا دیا ۔