سمندری چیلنجوں سے نمٹنے ہند۔عمان تعاون میں توسیع

   

نئی دہلی: ہندوستان اور عمان نے سمندری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس سے خطے میں میری ٹائم سیکورٹی فریم ورک کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔یہ معاہدہ منگل کو یہاں ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور رائل عمان پولیس کوسٹ گارڈ کے درمیان پانچویں سالانہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں طے پایا۔ اس ملاقات کو میری ٹائم ڈومین میں بین الاقوامی غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ رائل عمان پولیس کوسٹ گارڈ کے اسسٹنٹ کمانڈنگ آفیسر کرنل عبدالعزیز محمد علی الجابری نے میٹنگ میں اپنے ملک کی قیادت کی۔ یہ میٹنگ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل راکیش پال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے ایک دوسرے کے دورے ، سی رائڈر پروگرام پر عملدرآمد، آلودگی کی اطلاع دینے والے مراکز اور باہمی تعاون کی بنیاد پر دونوں کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات قائم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں فریقوں نے سمندری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا، اس طرح خطے میں میری ٹائم سیفٹی اور سیکیورٹی فریم ورک کو تقویت ملے گی۔ جمعرات کو یہاں رائل عمان پولیس کوسٹ گارڈ کے وفد اور سوسائٹی آف انڈین ڈیفنس مینوفیکچررز کے نمائندوں کے درمیان عمانی وفد کو ’آتم نر بھر بھارت‘ اسکیم کے تحت ہندوستان کی جہاز سازی کی صلاحیتوں سے واقف کرانے کا بھی منصوبہ ہے ۔