سمیع ،حسین جہاں کو ماہانہ 1.30 لاکھ روپئے دیں:عدالت کا حکم

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع کو کولکتہ کی ایک عدالت نے حکم دیا ہے کہ وہ سابق اہلیہ حسین جہاں کو ماہانہ 1.30 لاکھ روپے بطور گزارے کی رقم ادا کریں۔ جس میں50 ہزار روپے سابق اہلیہ کے اخراجات کے لئے ، باقی 80 ہزار روپے بیٹی کے کفالت کے لیے شامل ہیں۔ ان کی علیحدگی کے بعد بیٹی حسین جہاں کے ساتھ ہے۔ 2018 میں، حسین جہاں نے کولکتہ کے جاداو پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ سمیع ان کے خلاف گھریلو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔جس پر پولیس نے سمیع کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ اس کے بعد حسین جہاں نے اپنے اخراجات کے لیے ماہانہ 10 لاکھ روپے بطور گزارے کی رقم ادا کرنے کے لیے عدالت میں مقدمہ دائرکیا۔ اس میں اس کے اخراجات کے لیے 7 لاکھ، جبکہ باقی 3 لاکھ روپے بیٹی کے لیے ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد پیر کو فیصلہ سنایا۔ تاہم تازہ ترین فیصلے پر حسین مطمئن نہیں ہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کریں گی۔ محمد سمیع نے 2014 میں حسین جہاں سے شادی کی اور ان کی ایک بیٹی ہے۔