نئی دہلی: راجیہ سبھا نے آج سنٹرل یونیورسٹیز (ترمیمی) بل 2023 اپوزیشن کے واک آؤٹ کے درمیان ندائی ووٹ سے منظور کر لیا۔لوک سبھا اس بل کو پہلے ہی منظور کر چکی ہے ، جس سے اس پر پارلیمنٹ کی مہر لگ گئی ہے ۔ یہ مختلف ریاستوں میں تدریس اور تحقیق کے لیے مرکزی یونیورسٹیاں قائم کرنے والے سنٹرل یونیورسٹیز ایکٹ 2009 میں ترمیم کرتا ہے ۔اس بل میں تلنگانہ میں ایک سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس قبائلی یونیورسٹی کا نام ‘سمکاّ سرکاّ سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی’ رکھا جائے گا۔ اس کا علاقائی دائرہ اختیار تلنگانہ تک پھیلے گا۔ یہ بنیادی طور پر ملک کی قبائلی آبادی کے لیے اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سہولیات کی راہ ہموار کرے گا۔