سنکرانتی تہوارتلنگانہ وآندھراپردیش میں جوش وخروش سے منایاگیا

   

حیدرآباد14جنوری(یواین آئی) سنکرانتی تہوار دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔ سنکرانتی کے موقع پر ہندو عقیدت مندو ں کی بڑی تعداد صبح سے ہی مندروں میں پوجا کے لئے دیکھی گئی جہاں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ تلگو ریاستوں کے تمام دیہات اس تہوار کے موقع پر توجہ کے مرکز بن گئے ہیں۔اس موقع پر گھروں کے سامنے رنگولی بنائی گئی۔مکانات کو آم کے پتوں سے سجایا گیا۔اس موقع پر خصوصی ڈش پونگل بنائی گئی۔یہ ڈش چاول اور دال سے بنائی جاتی ہے ۔ بیلوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ مرغوں کی روایتی لڑائی کا بھی اہتمام کیاگیا۔یہ تہوار دونوں ریاستوں کے عوام کے لئے کافی اہم ماناجاتا ہے ۔اس تہوار کو منانے کیلئے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں مقیم کئی آندھرائی افراد اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہوئے ۔یہ تہوار منانے کے بعد وہ دوبارہ حیدرآباد واپس ہوتے ہیں۔اس تہوار کے موقع پرعوام نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔