300 نئی ملازمتوں کی فراہمی، بھٹی وکرامارکا کا ریاستی وزراء کے ساتھ جائزہ اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے سنگارینی کالریز کے ورکرس اور اُن کے افراد خاندان کے لئے طویل عرصہ سے زیرالتواء مسائل کی یکسوئی کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پرجا بھون میں سنگارینی کول مائن ایریا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو، جی ویویک وینکٹ سوامی، ارکان اسمبلی پریم ساگر راؤ، ڈاکٹر ایم راگا مائی، کے کنکیا، ایم رام داس نائک، پی وینکٹیشورلو، کے سرینواس راؤ، جی ستیہ نارائن راؤ، مکھن سنگھ راج ٹھاکر، جی ونود وینکٹ سوامی، اقل ترین اُجرت بورڈ کے صدرنشین جنک پرساد نے شرکت کی۔ عوامی نمائندوں نے سنگارینی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل سے بھٹی وکرامارکا کو واقف کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زیرالتواء ملازمتوں کی فراہمی پر جلد فیصلہ کریں۔ 250 تا 300 ملازمین کے قریبی افراد خاندان کو قانونی اُمور کی تکمیل کے ذریعہ آئندہ 15 دنوں میں روزگار فراہم کرتے ہوئے احکامات حوالے کئے جائیں گے۔ ملازمین کے زیرکفالت افراد کے ناموں میں تبدیلی کے 136 واقعات ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فوری تبدیلی کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہر ماہ منعقد کرتے ہوئے سنگارینی ملازمین کے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔ سنگارینی کے تحت موجود تمام ہاسپٹلس میں معائنوں کے علاوہ علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کوویڈ 19 کے دوران جن ملازمین کی خدمات کو ختم کیا گیا اُنھیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے ملازمین کو امکنہ پٹنہ جات حوالہ کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت نے سنگارینی کالریز کو 5774 ایکر اراضی الاٹ کی تھی جس میں سے 4500 ایکر اراضی سابق کانگریس دور حکومت میں غریب ملازمین کو الاٹ کی گئیں۔ حکومت نے جی او نمبر 76 کے ذریعہ 1250 ایکر اراضی سنگارینی ملازمین کو امکنہ پٹہ جات کے طور پر تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ملازمین کی فہرست تیار کرنے کے لئے ضلع کلکٹر اور سنگارینی کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سنگارینی کے تمام ہاسپٹلس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے اور کینسر اسکریننگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ملازمین کو سیفٹی کٹس کی فراہمی کے علاوہ ملازمین کا انکم ٹیکس ادارہ کی جانب سے ادا کرنے کی ہدایت دی۔V/1