خصوصی گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ بجٹ کی اجرائی کے اقدامات، محمد مسیح اللہ خان
حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے سنگاریڈی میں منی حج ہاؤز کی تعمیر کے سلسلہ میں حوالے کی گئی موقوفہ اراضی کا معائنہ کیا اور منی حج ہاؤز کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ سنگاریڈی کے موضع کلواکنٹلہ میں حکومت کی جانب سے منی حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے منصوبے کے اعلان کے بعد وقف بورڈ نے اراضی کی حوالگی کیلئے اقدامات کا آغاز کیا تھا اور اب اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے منی حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے حوالے کردیا گیا۔ محمد مسیح اللہ خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ریاست کے تمام اضلاع میں عازمین حج کی سہولت کے علاوہ مسلمانوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی سرگرمیوں کیلئے منی حج ہاؤز کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منی حج ہاؤز کے ہمہ مقصدی استعمال کو نظر میں رکھتے ہوئے تعمیرات انجام دی جائیں گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے موقوفہ اراضی منی حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے حوالے کرنے کے متعلق بتایا کہ حکومت کی خواہش پر ان موقوفہ اراضیات کو ملت اسلامیہ کی تعلیمی و معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔سنگ بنیاد تقریب میں صدرنشین تلنگانہ ہینڈلومس کارپوریشن چنتا پربھاکر میونسپل چیرپرسن وجئے لکشمی، مولانا مفتی اسلم، محمد عبدالحکیم ایڈوکیٹ، عبدالرزاق کے علاوہ مقامی کونسلرس و بی آر ایس پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ اس منی حج ہاؤز کی تعمیر کے سلسلہ میں جلد ہی خصوصی گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ بجٹ کی اجرائی کے اقدامات کئے جائیں گے اور حکومت کو منی حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے درکار فنڈز اور اس کے استعمال کے سلسلہ میں تیار کردہ منصوبہ سے حکومت کو واقف کرایا جائے گا۔ن