سنگاریڈی کی فیکٹری میں ری ایکٹر پھٹ پڑا ، 5 افراد ہلاک

   

حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) ضلع سنگاریڈی کی ایک کمیکل کمپنی میں ری ایکٹر پھٹنے سے تقریباً 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس پی آرگنانک کیمیکل فیکٹری میں پیش آئے اس دھماکہ سے آس پاس کے علاقوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ دھماکہ اس قدر اثردار تھا کہ اس کی آواز میلوں دور مضافات میں سنائی دی اور آگ و دھویں کے سبب اطراف علاقوں میں دہشت پیدا ہوگئی ۔ری ایکٹر دھماکہ کی شدت اس قدر خطرناک تھی کہ نعش 100 میٹر دور جاگری اور ہر طرف خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ اطلاعات کے بعد مہلوکین میں ایس بی آرگنانک کے ڈائرکٹر روی شرما بھی شامل ہیں ۔ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت کمپنی میں سینکڑوں مزدور کام کر رہے تھے ۔ دھماکہ ری ایکٹر پھٹنے سے پیش آیا ۔ اور آگ نے کپنی کی دیگر عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ مقامی ذرائع کے مطابق مہلوکین کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ چونکہ جس وقت دھماکہ ہوا ۔ اس وقت ری ایکٹر کے قریب تقریباً 19 مزدور کام کر رہے تھے ۔ جن کی نعشیں بکھر گئیں اور نعشوں کے چھیتڑے اڑ گئے ۔ اس واقعہ کے بعد ضلع سنگاریڈی کے تمام منڈل ہیڈ کوارٹرس اور فائر انجن گاڑیوں کو کمپنی واقع چنداپور طلب کرلیا گیا اور درجنوں ایمبولینسوں کے ذریعہ زخمیوں کو ضلع کے مختلف ہاسپٹلز منتقل کیا گیا چنداپور سے تقریباً 6 کیلومیٹر دور پر واقع دولت آباد اور چنداپور کے قریب گنڈلہ مانچنور ، ملکاجپور ، چنتل جیرو ، بوا پٹلہ علاقوں میں دھماکہ کی آوازیں سنی گئیں ۔ عوام خوف کے عالم میں ان دھماکوں کو زلزلہ محسوس کر رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوکین میں کمپنی کے ڈائرکٹر روی شرما کے علاوہ پروڈکشن انچارج سبرامنیم ، دیانند منیش انچارج ہریش پال و دیگر شامل ہیں ۔ع