سنگ دل درندہ صفت باپ کی پٹائی کے ذریعہ بیٹے کا قتل

   

حیدرآباد /8 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں ایک سنگ دل درندہ صفت باپ نے کمسن بیٹے کو پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کردیا ۔ مہیشورم پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ جہاں تین سالہ کمسن بچہ ایس بی سنجوا اپنے حقیقی باپ کی مارپیٹ سے فوت ہوگیا ۔ سنجو امیرپیٹ مہیشورم علاقہ کے ساکن شیوا اور للیتا کا بیٹا تھا ۔ شیوا پیشہ سے میستری ہے جو کل کام کے بعد اپنے مکان پہونچا ۔ شیوا کے پڑوس میں اس کا بھائی اور بھابی رہتے ہیں ۔ شیوا کے گھر میں اس کی بیوی للیتا نہیں تھی جو ترکاری خریدنے کیلئے بازار گئی تھی اور بچہ گھر میں سو رہا تھا ۔ جو شیوا کی آمد پر نیند سے بیدار ہوگیا اور شیوا کے پیچھے دوڑنے لگا شیوا مکان مالک کی ہدایت پر سامان منتقل کر رہا تھا اور اس نے بچے کو اپنے پیچھے دوڑتا ہوا دیکھ کر آپے سے باہر ہوگیا اور بڑی بے دردی سے بچے کو پیٹنے لگا ۔ اس دوران شیوا کے بھائی اور بھابی بھی پہونچے ۔ اس وقت تک بچہ ماروں کی تاب نہیں لاسکا اور بے ہوش ہوگیا ۔ اس دوران بچے کی والدہ بھی مکان پہونچ گئی اور بچے کو مقامی ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر بڑے ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا اور بچہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ مہیشورم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع