سوامی نتیانند کے خلاف ایف آئی آر درج بچوں کے اغواء کے الزام میں دو خاتون بھگت بھی گرفتار

,

   

احمدآباد ۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) خودساختہ سوامی نتیانند کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس پر بچوں کے اغواء اور ان کو محروس رکھنے کے علاوہ گجرات کے احمدآباد میں اپنے آشرم کو چلانے کیلئے عطیات وصول کرنے کیلئے انہیں مجبور کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سوامی نتیانند کی دو خاتون بھگتوں سادھوی پر ان پر یانند اور پریاتتوا ریدھی کرن کو بھی گرفتار کیا ہے جن پر مبینہ طور پر کم از کم چار بچوں کے اغواء اور انہیں غیرقانونی طور پر ایک فلائیٹ میں محروس کرنے کے علاوہ آشرم کیلئے عطیات وصول کرنے کی غرض سے بچہ مزدوروں کے طور پر ان کو استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔ پولیس آفیسر یوگنی سروگیاپیتھم نے بتایا کہ آشرم اور فلائیٹ سے جن چار بچوں کو بچا لیا گیا ہے ان کے بیان قلمبند کرنے کے بعد نتیانند سوامی کیخلاف بھی ان ہی الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ نتیانند کی بھگت دونوں خواتین سادھوی پران پریانند اور ریدھی کرن آشرم کے انتظامیہ کی ذمہ دار تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ 9 اور 10 سال عمر کے دو بچوں نے بتایا کہ انہیں آشرم میں اذیتیں دی گئیں اور بچہ مزدوری کیلئے انہیں مجبور کیا گیا۔ انہیں گذشتہ دس دنوں سے شہر کے ایک فلائیٹ میں غیرقانونی طور پر محروس رکھا گیا تھا۔
دیگر دو بچوں نے بھی ایسے ہی الزامات عائد کئے ہیں۔ ایس پی احمدآباد نے بتایا کہ سرپرستوں کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی۔