سوامی چنمیانند عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار ‘ جیل منتقل

,

   

وسیع تر سکیوریٹی انتظامات کے بعد گرفتاری ۔ الزام کی تائید میں ثبوت موجود ‘ پولیس
شاہجہاں پور 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر سوامی چنیانند کو آج مبینہ طور پر ایک قانون کی طالبہ کی عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کرکے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔ یو پی میں شاہجہاں پور کی ایک عدالت نے یہ رولنگ دی۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ بی جے پی لیڈر کو یو پی پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ان کے آشرم سے آج صبح 8.50 بجے انتہائی سخت سکیوریٹی میں گرفتار کیا گیا اس کے بعد انہیں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ پولیس نے کہا کہ انہوں نے چنمیانند سے جبری وصولی کے الزام میں بھی مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے کہا کہ چنمیانند کو آج صبح ان کے آشرم سے گرفتار کیا گیا ۔ ایس آئی ٹی ٹیم نے انہیں گرفتار کیا اور ان کا طبی معائنہ کروایا گیا ۔ اس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چنمیانند کی گرفتاری عصمت ریزی کے الزام میں ہوئی ہے ۔ سینئر پراسکیوشن آفیسر کلدیپ سنگھ کے بموجب چنمیانند پر ان پر جنسی عمل ‘ تعاقب کرنے ‘ حبس بیجا میں رکھنے اور ڈرانے دھمکانے کے دفعات کے تحت بھی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ یہ گرفتاری ایک خاتون کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات کے تقریبا ایک ماہ بعد ہوئی ہے ۔ خاتون نے جو قانون کی طالبہ ہے الزام عائد کیا تھا کہ چنمیانند نے اس کی عصمت ریزی کی ہے ۔

ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا کہ کارروائی میں کوئی تاخیر نہیں کی گئی ہے ۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے اس کیس کی مسلسل تحقیقات کی جا رہی تھیں ۔ جب لڑکی کا بیان قلمبند کرلیا گیا تو اس نے کچھ ویڈیو کلپنگس دئے ۔ تمام فارنسک معائنوں کے بعد ہی چنمیانند اور تین دوسروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ متاثرہ خاتون نے ایک پین ڈرائیو حوالے کی ہے جس میں 43 ویڈیو کلپنگس موجود ہیں ۔ اس نے ان کلپنگس کو اپنے الزامات کی تائید میں پیش کیا ہے ۔ چنمیانند کی وکیل پوجا سنگھ نے کہا کہ ایس آئی ٹی نے گرفتاری کے میمو پر رشتہ داروں کے دستخط حاصل کئے ہیں تاہم گرفتاری سے متعلق کوئی دستاویز ان کے حوالے نہیں کیا گیا ہے ۔ چنمیانند کی گرفتاری سے قبل موموکشو آشرم کے اطراف سخت ترین سکیوریٹی انتظامات کردئے گئے تھے ۔ ایس آئی ٹی چنمیانند کو گرفتار کرنے 12 گاڑیوں میں پہونچی تھی ۔ جب چنمیانند کو طبی معائنہ کیلئے لایا گیا تو سرکاری دواخانہ میں مریضوں کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

متاثرہ خاتون کی دھمکی پر چنمیا نند کو گرفتار کیا گیا: پرینکا
نئی دہلی۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج کہا کہ حکومت نے سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کے خلاف مجبوراً اس وقت کارروائی کی جب متاثرہ عورت نے خودکشی کرلینے کی دھمکی دی۔ چنمیانند پر ایک طالبہ کی عصمت ریزی اور اس کا مسلسل استحصال کرنے کا الزام ہے۔ پرینکا نے ٹوئٹر پر بتایا کہ یہ عوامی اور صحافتی طاقت کا نتیجہ ہے کہ حکومت نے مجبوراً چنمیانند کو گرفتار کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کی کھال اتنی موٹی ہے کہ اس نے بروقت کوئی کارروائی نہیں کی اور جب اس نے خود کو نذر آتش کرلینے کی دھمکی دی تب حکومت ہوش میں آئی۔