سودخوروں کیخلاف کارروائی پر نظام آباد میں ہلچل

   

کئی مقامات پر پولیس کے دھاوے اور مختلف اشیاء ضبط ، 30 مقدمات درج

نظام آباد۔16 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر کملیشور کے احکامات پر پولیس نے بیک وقت سودی کاروبار کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 30 کیسوں کو درج کیا ۔ پولیس کمشنر کے احکامات پر نظام آباد ضلع کے آرمور ، بھیمگل ، بودھن ، سرکنڈہ ، رودرور ، جکران پلی میں سودی کاروبار کرنے والے افراد کے مکانوں پر دھاوا کرتے ہوئے 2 لاکھ 20 ہزار روپئے نقد رقم اور پرومیسری نوٹ ، پٹہ دار پاس بک ، اے ٹی ایم کارڈس ضبط کرتے ہوئے منی لینڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ نظام آباد کے علاقہ میں بھی ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے دستاویزات ضبط کئے گئے ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل کاماریڈی میں بھی دھاوے کئے گئے تھے نظام آباد ضلع میں غیر مجاز طور پر سودی کاروباری کرنے والے افراد کیخلاف دھاوے کئے گئے ۔ ٹائون سی آئی نرہری کی قیادت میں 8 مکانات پر دھاوے کئے گئے ۔ IIIٹائون کے علاقہ میں سودی کاروبار کرنے والے اشوک نامی شخص کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے 10.88 لاکھ روپئے سیز کرنے کی اطلاع ہے۔ سودی کاروبار کرنے والوں کے ہراساں سے دلبرداشتہ ہوکر چند افراد خودکشی کی طرف مائل ہورہے ہیں ۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے حال ہی میں آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں ایک لاج میں خودکشی کرلی تھی ، اس کے بعد سے پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے سودی کاروبار کرنے والے افراد کیخلاف کارروائی کرنا شروع کردیا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد ضلع میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔