سوشل میڈیا سے فیکٹ چیک کا خاتمہ، یورپی یونین کا مباحثہ کا فیصلہ

   

برسلز : یورپی یونین امریکی سوشل میڈیا کمپنیز میٹا اور ایکس کی جانب سے فیکٹ چیک کے خاتمہ کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کو یورپی پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے جا رہی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین امریکی سوشل میڈیا کمپنیز سے فیکٹ چیک کے خاتمہ کے بعد اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کرنے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ایک یورپی سفارت کار کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پارلیمنٹ نے یورپ کے ڈیجیٹل مستقبل پر مباحثہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے اتحاد کے بعد یورپین یونین کی سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ڈی ایس اے امریکی کمپنیوں کے فیکٹ چیک پروگرام کے خاتمہ کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے سنجیدگی سے سوچ رہی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی وائس پریزیڈنٹ برائے ٹیکنالوجی ہینا ورکونن نے کہا ہے کہ آج ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے تجویز کردہ سسٹمز پر ڈی ایس اے کے مطابق عمل در آمد کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹیک جائنٹ ایلون مسک پر جرمنی کے الیکشن میں دخل اندازی کے الزامات کی ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب مارک زکر برگ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران یورپی یونین کی جانب سے ایک امریکی کمپنی پر 30 بلین ڈالرز سے زیادہ جرمانہ عائد کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔