سوشیل کمار کی پولیس تحویل میں مزید چار دن کی توسیع

   

نئی دہلی ۔ دہلی کی ایک عدالت نے چھترسال اسٹیڈیم میں پہلوان ساگر دھنکڑ کے مبینہ قتل کے معاملے میں دو مرتبہ کے اولمپک میڈلسٹ پہلوان سوشیل کمار اور ان کے دوست اجے بکر والا کو مزیدچار دن پولیس تحویل میں دے دیا ہے ۔پولیس نے سات اور دن کی ریمانڈ کی مانگ کی تھی لیکن ڈیوٹی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ مینک گوئل کے حوالے سے لائیو لا نے کہا کہ انصاف کے مفاد میں میں سمجھتا ہوں کہ پولیس کو مزید چار دن کی حراست کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔38 سالہ پہلوان سوشیل کمار4 مئی کی رات کے واقعے کے بعد سے مفرور تھے ۔ انہیں دہلی پولیس نے 23 مئی کی صبح دارالحکومت دہلی کے منڈکا علاقے سے گرفتار کیا ۔ پہلوان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ روہنی عدالت نے انہیں چھ دن کی پولیس تحویل میں دیا تھا ، جس میں اب مزید چار دن کی توسیع کردی گئی ہے ۔واضح رہے کہ دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم میں چار مئی کی رات دہلی کے ماڈل ٹاون تھانے کے علاقے میں پہلوان سشیل اور ا کے ساتھیوں نے ایک فلیٹ سے ساگر اور اس کے دوستوں کا اغوا کیا تھا۔پھر چھترسال اسٹیڈیم میں لے جاکر ان کی بے رحمی سے پٹائی کی تھی جس میں ساگر شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا۔ساگر کی علاج کے دوران موت ہوگئی تھی ۔یاد رہے کہ اس عالمی شہر ت یافتہ پہلوان سوشیل کمار کی شہر ت کو اس مقدمہ میں گرفتاری کے بعد ایک گہن سے لگ گیا ہے –