سومیش کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا

   

ہاسپٹل میں زخمیوں کے موثر علاج کی ہدایت
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) بھوئی گوڑہ سکندرآباد میں اسکراپ گودام میں آتشزدگی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیف سکریٹری سومیش کمار مقام حادثہ پہنچ گئے اور بچاؤ و راحت کے کاموں کی نگرانی کی۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق سومیش کمار نے فائر سرویسس، جی ایچ ایم سی اور دیگر بچاؤ ٹیموں کے ساتھ آگ پر قابو پانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے کاموں کی نگرانی کی۔ بچاؤ ٹیموں نے کئی زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ چیف سکریٹری نے پولیس اور فائر سرویسس عہدیداروں سے حادثہ کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے چوکسی اور احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کی نعشوں کو بہار میں ان کے آبائی مقامات منتقل کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر نعشوں کا معائنہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل کو پوسٹ مارٹم کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نعشیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی ڈی این اے ٹسٹ کے ذریعہ پسماندگان کا پتہ چلایا جائے۔ انہوں نے حادثہ کے زخمیوں کے موثر علاج کیلئے ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے حادثہ کے مقام پر موجود افراد سے بات چیت کی۔ر