سومیش کمار کی اہلیہ کے نام پر 25 ایکر زرعی اراضی کا نیا تنازعہ

   

اینٹی کرپشن بیورو کی جانچ کا امکان، قواعد کے مطابق اراضی خریدنے سابق چیف سکریٹری کی وضاحت
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (RERA) کے سابق سکریٹری ایس بالا کرشنا کے اثاثہ جات کی اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے تحقیقات کے دوران سابق چیف سکریٹری سومیش کمار کی اہلیہ کے نام پر قیمتی اراضی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو رنگا ریڈی ضلع میں سومیش کمار کی اہلیہ ڈاکٹر گیان مدرا کے نام پر 25 ایکر زرعی اراضی کی جانچ کرسکتا ہے جس کی مالیت تقریباً 100 کروڑ بتائی جاتی ہے۔ رنگا ریڈی ضلع کے یاچارم منڈل میں اراضی سے متعلق دستاویزات برسر عام ہوچکے ہیں۔ سومیش کمار جس وقت ریگولیٹری اتھاریٹی صدرنشین تھے، اس وقت بالا کرشنا سکریٹری تھے۔ اسی مدت میں اتھاریٹی کے معاملات میں بے قاعدگیوں کی شکایات ہیں۔ تازہ انکشاف کے بعد حکومت نے سومیش کمار کے رشتہ داروں کے اثاثہ جات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ دھرانی پورٹل کے ریکارڈ کے مطابق سروے نمبرات 249 ، 249/2 اور 260 کے تحت کتہ پلی موضع میں ڈاکٹر گیان مدرا کے نام پر 25 ایکر اراضی رجسٹرڈ کی گئی۔ دھرانی پورٹل میں اراضی کو پٹہ اراضی قرار دیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو اس بات کی جانچ کر رہا ہے کہ سومیش کمار کے رشتہ داروں نے کس سے یہ اراضی حاصل کی ہے۔ اراضی کے مالک کا پتہ چلنے کے بعد تحقیقاتی ایجنسی کارروائی کرے گی۔ پٹہ اراضی کے مالک نے فروخت کیلئے جو معاہدہ کیا ہے، اس کی جانچ کی جارہی ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے اسی دوران بالا کرشنا کی پولیس تحویل کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی ہے ۔ اہلیہ کے نام پر 25.19 ایکر اراضی کا معاملہ منظر عام پر آتے ہی کسانوں کی تنظیموں اور رضاکارانہ اداروں نے سومیش کمار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اسی دوران سومیش کمار نے وضاحت کی کہ قواعد کے مطابق یہ اراضی خریدی گئی ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یاچارم منڈل میں ان کی اہلیہ نے 2018 کے اوائل میں زرعی اراضی خریدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرشاسن نگر میں الاٹ کی گئی اراضی پر مکان تعمیر کرنے کے بعد اسے فروخت کرتے ہوئے کتہ پلی گاؤں میں 6 سال قبل زرعی اراضی خریدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کی خریداری سے قبل حکومت سے ضروری اجازت حاصل کی گئی تھی۔ 1