نئی دہلی۔ 14 نومبر (یو این آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے 137ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کی سمادھی شانتی ون پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ سونیا گاندھی اور کھرگے نے پنڈت نہرو کی سمادھی پر گلہائے عقیدت نذر کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ نہرو کا یوم پیدائش 14 نومبر کو ہر سال ’یوم اطفال‘کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ کھرگے نے پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی سے لے کر ایک مضبوط، جدید، جمہوری اور ترقی پسند ملک کی بنیاد رکھنے تک نہرو کا تاریخی رول رہا ہے ۔ آزادی کے بعد متعدد چیلنجوں کے باوجود انہوں نے اپنی دور اندیش سوچ، مضبوط قیادت اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے ہندوستان کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی کو نئی سمت دی۔انہوں نے کہا کہ نہرو کو جمہوریت، مساوات، سیکولرازم اور سائنسی سوچ پر گہرا یقین تھا اور وہ ایسا ہندوستان چاہتے تھے جہاں ہر شہری کو بغیر کسی امتیاز کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔کانگریس صدر نے کہا کہ پنڈت نہرو جدید ہندوستان کے اہم معماروں میں سے ایک تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک کو صرف جمہوریت ہی متحد رکھ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مختلف ثقافتوں، عقائد، سیاسی نظریات اور امنگوں کو جگہ ملتی ہے ۔