سونیا گاندھی کی ای ڈی میں طلبی کے خلاف ریاست گیر احتجاج

   

ہر ضلع میں مودی حکومت کے خلاف مظاہرے، گاندھی خاندان کو نشانہ بنانے کا الزام
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو طلب کئے جانے کے خلاف کانگریس نے آج ریاست میں احتجاج منظم کرکے وزیراعظم نریندر مودی کے علامتی پتلے نذر آتش کئے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ہر ضلع میں اسمبلی حلقہ جات ، منڈل ہیڈکوارٹرس اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے محبوب نگر میں احتجاج کی قیادت کی ۔ جگتیال میں رکن کونسل جیون ریڈی ، نائب صدر ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ رنگا ریڈی ، کھمم ، نظام آباد، نلگنڈہ اور دیگر اضلاع سے بھی احتجاجی مظاہروں کی اطلاع ملی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی جے پی کو آئندہ انتخابات میں عوام خلیج بنگال میں پھینک دیں گے ۔ گزشتہ 8 برسوں میں عوام کی بھلائی کی بجائے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو روکنے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے گاندھی خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گاندھی خاندان اور کانگریس کارکن مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں راہول اور سونیا گاندھی پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ۔ اس کارروائی کا مقصد ملک بھر میں اپوزیشن حوصلوں کو پست کرنا ہے۔ عوام مودی حکومت سے سخت نالاں ہیں اور آئندہ انتخابات میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، سی بی آئی ، انکم ٹیکس اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے کھمم ضلع میں بارش کے دوران احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا ۔ کھمم ریلوے اسٹیشن کے روبرو وزیراعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا ۔ ضلع کانگریس صدر درگا پرساد اور صدر ٹاؤن جاوید اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ر